جرمن یونیورسٹیز میں کورس کی تلاش
السلام علیکم،
مجھے پاکستان سے واپس آئے کئی مہینے ہو گئے ہیں لیکن مصروفیت کچھ ایسی رہی ہے کہ بلاگ پر پوسٹ کرنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔ اتفاق سے میرے بلاگ کی دوسری سالگرہ بھی ہوئی چاہتی ہے اگرچہ میں نے اس پر گزشتہ کچھ عرصے سے کم ہی پوسٹ کیا ہے۔ بلکہ آج میں نوٹ کیا کہ اردو سیارہ پر میرے نام پر سرخ لکیر بھی پھری ہوئی ہے، یعنی کہ کچھ اور دن میرے بلاگ پر پوسٹ نہ ہوتی تو اس بلاگ کو بھی اردو سیارہ سے بے دخل کر دیا جاتا۔ :(
میں دراصل آج ایک دوست کی فرمائش پر ایک مرتبہ پھر سے جرمنی میں اعلٰی تعلیم کے مواقع پر مزید معلومات فراہم کرنا چاہ رہا ہوں۔ میں ایک گزشتہ پوسٹ میں اس سلسلے میں چند بنیادی معلومات فراہم کی تھیں۔ جرمنی کی یونیورسٹیز میں اگلا سمسٹر اپریل 2007 میں شروع ہو رہا ہے۔ اس میں داخلے کا وقت تو اب گزر چکا ہے۔ اب اس سے اگلے سمسٹر یعنی اکتوبر 2007 کے کورسز میں داخلے کے لیے کوشش کی جا سکتی ہے۔
ایک عجیب بات جو میرے مشاہدے میں آئی ہے وہ بیرون ملک یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد اور ان یونیورسٹیوں میں داخلے کے خواہشمند لوگوں میں رابطے کا فقدان ہے۔ پاکستان میں بیرون ملک یونیورسٹیوں میں داخلہ کرانے کا وعدہ کرکے ایجنٹ لوگوں سے پیسے لوٹ رہے ہیں حالانکہ کوئی بھی پڑھا لکھا آدمی خود سے انٹرنیٹ پر یہ کام بخوبی کر سکتا ہے۔ جو انفارمیشن یہ ایجنٹ مہنگے داموں فراہم کرتے ہیں، وہی معلومات ہم لوگ بلاقیمت اور بہتر انداز میں فراہم کر سکتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ ہم لوگ ایجنٹوں کو پیسے دے کر مطمئن ہو جاتے ہیں کہ اب خود سے کوئی کام نہیں کرنا پڑے گا اور بس یونیورسٹی میں داخلہ خود سے لفافے میں پوسٹ ہو کر آ جائے گا۔ شاید ہم لوگوں کو ایک خطیر رقم خرچ کرکے زیادہ اطمینان نصیب ہوتا ہے کہ یہ مفت کام سے بہتر ہے۔ میں اس سلسلے میں بعد میں چند گزارشات پیش کروں گا۔
میرا اس پوسٹ میں بنیادی مقصد چند روابط فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے آپ جرمنی میں اپنی مرضی کا بیچلرز یا ماسٹرز پروگرام ڈھونڈھ سکتے ہیں۔ میں نے اپنی گزشتہ پوسٹ میں جرمن سٹوڈنٹ ایکسچینج سروس کا ربط فراہم کیا تھا جہاں یہ انفارمیشن موجود ہے لیکن بدقسمتی سے اس سائٹ کی نیویگیشن قدرے پیچیدہ ہے۔ اس کے علاوہ اس سائٹ کا بیشتر کونٹینٹ جرمن زبان میں ہے جس کی بنا پر اسے سمجھنے میں دقت ہو سکتی ہے۔ اسی لیے میں یہاں چند براہ راسط روابط اور ٹپس فراہم کر رہا ہوں جس سے آپ کو تلاش میں آسانی ہو جائے گی۔
ذیل کے ربط پر آپکو جرمنی میں اعلی تعلیم سے متعلق عمومی معلومات مل جائیں گی:
Study and Research in Germany

جبکہ ذیل کے ربط پر آپ جرمن یونیورسٹیز میں آفر کیے جانے والے انٹرنیشنل پروگرامز ڈھونڈھ سکتے ہیں:
International Degree Programmes

جیسا کہ میں اپنی گزشتہ پوسٹ میں عرض کر چکا ہوں، انٹرنیشنل پروگرام سے مراد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بیچلرز اور ماسٹرز پروگرام ہیں۔ ان میں سے اکثر کورسز انگریزی میں پڑھائے جاتے ہیں جبکہ کچھ جرمن میں آفر ہوتے ہیں۔ براہ راست کسی جرمن کورس میں دراخلہ لینا کافی ہمت کا کام ہے کیونکہ اس کے لیے پہلے ایک غیرمانوس اور مشکل زبان یعنی جرمن سیکھنی پڑتی ہے اور اسی میں ماسٹرز کی سطح کی پڑھائی کرنا پڑتی ہے۔
یہاں میں واضح کرتا چلوں کہ میں جرمنی میں اعلی تعلیم کے مواقع کو انٹرنیشنل بیچلرز یا ماسٹرز کورسوں تک محدود نہیں کرنا چاہ رہا۔ جرمن یونیورسٹیوں کا روایتی ڈپلوم ایک اعلی درجے کا تعلیمی نظام ہے اور ابھی تک زیادہ تر اسی نظام کے تحت کورس آفر ہوتے ہیں۔ اس میں ایک مسئلہ یہ ہے کہ یہ نسبتاً طویل عرصے (ساڑھے چار سے پانچ سال تک) جاری رہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ڈپلوم میں بیچلرز اور ماسٹرز کی تخصیص نہیں ہوتی۔ پاکستانی سٹوڈنٹس کے نکتہ نظر سے جرمنی کے روایتی نظام تعلیم کی سب سے بڑی قباحت یہ ہے کہ یہاں کی یونیورسٹیوں میں ان کے پاکستانی بیچلرز اور ماسٹرز کے کریڈٹ نہیں مانے جاتے۔ یعنی یہاں داخلہ لینے والے کو ڈپلوم کا شروع سے ہی آغاز کرنا پڑے خواہ اس نے پاکستان سے ماسٹرز ہی کیوں نہ کیا ہو۔۔ جبکہ انٹرنیشنل پروگرامز میں پاکستان کی ڈگریاں مانی جاتی ہیں۔ یہاں یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ جرمنی کے کسی ماسٹرز پروگرام میں داخلے کی شرط ایک recoginzed بیچلرز پروگرام ہے یعنی وہ بیچلرز جس میں ایک خاص مقدار کے کریڈٹ hours صرف کیے گئے ہوں۔
یہاں میں بالا میں فراہم کردہ ربط پر کورس تلاش کرنے کی ایک مثال پیش کر رہا ہوں۔ جیسے کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے، آپ اس ربط پر مطلوبہ انفامیشن مہیا کریں۔ میں نے یہاں الیکٹریکل انجینیرنگ کے ماسٹرز کورسز کی تلاش کی ہے۔

ذیل کی تصویر میں اس تلاش کے نتائج دکھائے گئے ہیں۔ نوٹ کریں کہ کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کورسز بھی الیکٹریکل انجینیرنگ کی ذیل میں دکھائے گئے ہیں۔ مزید تفاصیل میں اپنی کسی آئندہ کی پوسٹ میں بیان کروں گا۔



3 Comments:
سلام
تھینکس
اللہ کرے جلد ہی کوئی آپکو مطلع بھی کرے کہ آپکی محنت ضائع نہیں گئی۔
نبیل آپ نے لکھا ہے کہ پاکستان میں ماسٹر کرنے کے باوجود یہاں نئے سرے سے ڈپلوم کرنا پڑتا ہے۔ یہ بات جزوی طور پر درست ہے۔ اگر پاکستان سے آپ نے 4 سالہ بیچلرز کیا ہو اور اس کے بعد 2 سالہ ماسٹرز، تو اصولی طور پر آپ جرمنی میں پی ایچ ڈی شروع کر سکتے ہیں۔ ہاں البتہ اگر آپ نے ڈپلوم کرنا ہو تو پاکستانی بیچلرز اکثر بیکار جاتا ہے۔
آصف
آصف، تمہاری بات اصولی طور پر درست ضرور ہے لیکن جرمنی والے باہر کی ڈگریوں کی اتنی عزت نہیں کرتے۔۔بلکہ ایک یونیورسٹی دوسری یونیورسٹی کے کریڈٹس نہیں دیتی ؛(
دوسرے ایسی مثالیں بھی ہیں کہ پاکستان سے ماسٹرز کرنے کے بعد لوگ جرمنی سے ڈپلوم میں داخلہ لیتے ہیں اور انہیں شروع سے ہی یہ پڑھنا پڑتا ہے۔
Post a Comment
<< Home